ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی ڈی اے میں دھاندلیوں کے خلاف شٹراسمبلی میں برہم

بی ڈی اے میں دھاندلیوں کے خلاف شٹراسمبلی میں برہم

Tue, 05 Jul 2016 11:26:53  SO Admin   S.O. News Service

بنگلورو4؍جولائی(ایس او نیوز) بنگلور ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( بی ڈی اے) میں مبینہ کرپشن کا معاملہ آج اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر نے دوبارہ اٹھایا۔ ارکاوتی لے آؤٹ سے متعلق زمینات کے فائل لاپتہ ہوجانے کیلئے ذمہ دار افسران کو معطل کرنے اور ان کے خلاف جانچ کے احکامات صادر کرنے کی ہدایت دئے جانے کا مطالبہ کیا۔ عوامی دلچسپی کیلئے یہ معاملہ ضابطہ 69کے تحت اٹھاتے ہوئے جگدیش شٹر نے کہاکہ جسٹس کیمپنا کمیشن کے روبرو اس وقت کے بی ڈی اے کمشنر شام بھٹ نے چالیس فائلوں کے لاپتہ ہوجانے کے متعلق حلف نامہ داخل کروایا ہے۔ نئے کمشنر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ فائلیں دوبارہ مل چکی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جب فائلیں لاپتہ ہوئیں اسی وقت خاطی افسران کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے تھی، ایسا کرنے کی بجائے حکومت کی خاموشی ریاست کے انتظامیہ پر ایک داغ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی ڈی اے کا کام عوام کو سائٹس اور سہولیات فراہم کرنا ہے، یہ کام انجام دینے کی بجائے بی ڈی اے صرف ضوابط کی دھجیاں اڑا کر سرکاری زمینات ڈی نوٹی فائی کرانے میں لگی ہوئی ہے، انہوں نے کہاکہ شہر کے سب سے بڑے کیمپے گوڈا لے آؤٹ کیلئے زمینات کی تقسیم کا سلسلہ اب شروع ہوا ہے، لیکن درخواست گزاروں کو یہ خدشہ ہے کہ اس لے آؤٹ کا انجام بھی ارکاوتی جیسا ہی ہوسکتاہے، کیونکہ ایک طرف زمینات عوام میں تقسیم کی جارہی ہیں تو دوسری طرف عدالتوں سے حکمنامے حاصل کرکے وہی زمینات ڈی نوٹی فائی کرائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آئی اے ایس افسران کی اسوسی ایشن نے 77ایکڑ زمین اپنے لئے ڈی نوٹی فائی کروالی ہے۔ ہنومنتے گوڈا نامی ایک شخص نے متبادل سائٹوں کی آڑ میں 45 سائٹس حاصل کئے ہیں، ساتھ ہی اس کے رشتہ داروں کے نام پر 500 سائٹس منظور کئے گئے ہیں ، ان تمام معاملات کی جانچ ہونی چاہئے۔


Share: